نیویارک (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو آرنلڈ شوارزنیگر ایک بار پھر بڑے پردے پر تہلکہ مچانے کیلئے تیار ہیں، اسی سلسلے میں سنسنی خیز فلم “سیبوٹاج(Sabotage)”کا نیا کلپ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈیوڈ اییر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی منشیات کے خاتمے کیلئے سرگرمِ عمل ایک ایسی دس رُکنی ٹیم کے گِرد گھوم رہی ہے جو اسمگلنگ کے اڈے سے ملنے والی رقم غیر قانونی طور پر چھپا لیتی ہے تاہم پراسرار طور پراس ٹیم کے اراکین قتل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
بِل بلاک، پال ہانسن اورجَو روتھ کی مشترکہ پرودکشن میں بننے والی اس فلم میں مرکزی کردار مشہور ہالی وڈ اداکار آرنلڈ شوارزنیگر نبھا رہے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں جوش ہولووے، سیم واشنگٹن، ٹیرنس ہاورڈ اور جَو مینگیلیئو شامل ہیں۔ 40 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہونے والی ایکشن سے بھرپور یہ تھرلر فلم 11 اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائیگی۔