پس پردہ کارروائیاں نہ رکیں تو ثبوت سامنے لے آؤں گا: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے ملک کی تقدر منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن سے جڑی ہے، ہر سیاسی جماعت کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا جمہوریت کو اپنی اصلی شکل میں چلنے اور پھلنے پھولنے دیا جائے، کچھ لوگ صرف دھرنوں، جھوٹ اور الزام کی سیاست کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام کے ووٹ کا تقدس پامال نہ کریں، جنہیں قوم مسترد کر چکی انہیں مسلط نہ کریں۔ انہوں نے کہا جمہوریت کو اپنی خواہشات کا غلام نہ بنایا جائے، پردے کے پیچھے کی کارروائیاں سب کے سامنے لاؤں گا، میں بتاؤں گا یہاں کیا کچھ ہوتا رہا ہے، یہ بھی بتاؤں گا کس طرح مرضی کے نتائج کے لئے کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کسی لاڈلے کیلئے کسی ڈیل یا ڈھیل کا انتظام نہ کیا جائے، یہاں 70 سال سے یہ اصول رہا ہے کہ عوامی رائے درست نہیں ہوتی، ہمیں بہت سے سوالات کا جواب تلاش کرنا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ نئے سال کی مبارک پیش کرتا ہوں، دعا کرتا ہوں اللہ اس سال کو قوم کیلئے بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا 2018 انتخابات کا سال بھی ہے، عوام 5 سال کیلئے اپنے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا 3 بار ملک کا وزیراعظم رہا، بہت سے حقائق میرے سامنے ہیں، ہمیں اخلاص اور دیانتداری سے اپنے عمل کا جائزہ لینا چاہیئے۔ سابق وزیراعظم نے کہا انتخابات کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ اچھی نہیں رہی، بحیثیت قوم ہمیں اپنے کردار اور عمل کا جائزہ لینا چاہیئے، ہمیشہ کہتا رہا ہوں سوچیں، دنیا ہمارے خلاف منفی سوچ کیوں رکھتی ہے؟ لیکن میرے موقف کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

سابق وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا امریکی صدر کی طرف سے غیر سنجیدہ بیان افسوسناک ہے، ٹرمپ کو سفارتی اخلاقیات کا خیال رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان پاکستان کا ہوا، حکومت میں آتے ہی دہشتگردی کے خاتمے کا اظہار کیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا 17 سال سے ایسی جنگ میں الجھے ہیں جو ہماری نہیں، ہمیں امداد کے طعنے نہ دیئے جائیں، آپ کو ہم سے کسی حمایت کا مطالبہ بھی نہیں کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد کا نام نہ دیں، وزیراعظم ایسی پالیسی وضح کریں کہ امریکی امداد کی ضرورت نہ رہے، ہماری عزت نفس پر اس طرح حملے نہیں ہونے چاہئیں۔