لاہور (جیوڈیسک) جدید ہتھیار برآمد ہونے کے کیس میں اداکار اسد ملک کی ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرل ی گئی۔
اداکار اسد ملک کو کینٹ کچہری لاہور میں پیش کیا گیا جہاں ان کے وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
اسد ملک کو گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق اداکار کے سامان سے آٹو میٹک گن برآمد ہوئی تھی جس کا لائسنس زائد المیعاد تھا۔
اے ایس ایف ذرائع کے مطابق اداکار اسد ملک کے سامان سے اس وقت خود کار ہتھیار برآمد ہوا جب وہ لاہور سے کراچی جارہے تھے۔
یاد رہے کہ اداکار اسد ملک 90 کی دہائی کے مشہور ڈرامے دشت، دوسرا آسمان، جانے انجانے اور نقاب سمیت 2 درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔