لاہور (جیوڈیسک) ادکار اسلم پرویز کو ہم سے بچھڑے 30 برس بیت گئے ہیں پچاس کی دہائی میں فلمی سفر کا آغاز کرنے والے اسلم پرویز نے سیکڑوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اسلم پرویز نے 1955ء میں فنی سفر کا آغاز ہدایت کار انور کمال پاشا کی فلم قاتل سے کیا۔
یہ اداکارہ نیئر سلطانہ کی بھی پہلی فلم تھی۔ اسلم پرویز نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں پاٹے خان، پردیسن، چھومنتر، کوئل اور نیند جیسی فلموں میں ملکہ ترنم نور جہان کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا۔ 1960ء کے بعد وہ فلمی افق پر ولن بن کر ابھرئے اور چوبیس سال تک اردو اور پنجابی فلموں میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔
فلموں میں ولن کا رول کرنے والے اسلم پرویز حقیقی زندگی میں انتہائی رحم دل اور نفیس انسان کے طور پر جانے جاتے تھے۔ 14 نومبر 1984ء کو اداکار اقبال حسن کے ہمراہ ایک فلم کی شوٹنگ کے لئے ملتان جا رہے تھے کہ ٹریفک کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے اور 21 نومبر کوخالق حقیقی سے جا ملے۔