ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکاراکشے کمار کہتے ہیں اداکاروں کی شہرت اورنام اس کے مداحوں کی بدولت ہوتا ہے اس لئے اسے بھی چاہیے کہ وہ اپنے ناظرین کی تفریح کے لئے کچھ بھی کرے۔
بھارتی ویب سائیٹ پر شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں بالی ووڈ کے کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ کئی برسوں سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں، آج وہ جس مقام پرہیں وہ انہیں ایسے ہی نہیں ملا، اس کے لئے انہوں نے کئی عروج و زوال دیکھے ہیں۔ جب انہوں نے فلم نگری میں قدم رکھا تو ان کے پاس کرداروں کے انتخاب کے لئے بہت کم مواقع تھے۔ وہ ناصرف بڑے اچھے طریقے سے ایکشن سے بھرپور مناظر کو فلم بند کراتے تھے بلکہ کئی سین تو وہ خود بھی کرتے تھے۔
اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ان کی یکے بعد دیگرے 14 فلمیں فلاپ ہوئیں، جس کے بعد 15ویں فلم کامیاب ہوئی اور پھر ایک ساتھ 16 فلمیں کامیاب ہوئیں۔ اس دوران وہ یہ سمجھے ہیں کہ کسی بھی اداکار کی شہرت اس کے مداحوں کی مرہون منت ہوتی ہے اس لئے اسے چاہیئے کہ وہ اپنے ناظرین کی تفریح کے لئے جو کچھ ہوسکے وہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی فلم کو بنانے اور اسے ناظرین تک پہنچانے میں کئی لوگوں کی محنت شامل ہوتی ہے، انہیں اس فلم میں کام کرنا پسند ہے جسے بیک وقت پورا خاندان ایکس اتھ بیٹھ کر دیکھے اور اس سے محظوظ ہو، اس لئے ان کی فلموں میں وہ سب کچھ ہوتا ہے جو ایک خاندان کے افراد کو تفریح فراہم کرسکے۔