کراچی (جیوڈیسک) اداکار وگلوکار علی ظفر نے کہا ہے کہ میں آئندہ سال پاکستان میں فلم بناونگا جس کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اس فلم میں تمام کاسٹ نئے پاکستانی ٹیلنٹ کی ہو گی ہمارے ہاں مواقع کم ہیں مگر ٹیلنٹ بہت ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کترینہ کیف کو پاکستان آنے کا بہت شوق ہے مگر حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ انھیں ساتھ لایا جاسکتا مگر مجھے امید ہے کہ ہمارے ہاں جلد حالات بہتر ہو جائینگے اور تمام بھارتی فنکار باآسانی پاکستان آئینگے۔
ایک سوال کے جواب میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان معاملات بہتر رہیں تو فنکاروں کو فائدہ پہنچتا ہے دونوں جانب سے فنکار ایک دوسرے کے لیے کام کرتے ہیں ہندوستان میں مجھے بے پناہ محبت ملی ہے میوزک میرا جنون ہے اس لیے جب کبھی فلم سے فراغت ملتی ہے تو میں گنگناتا رہتا ہوں وہاں لوگ مجھے سننے کے لیے خاص طور پر آتے ہیں۔