نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار اور کانگریس رہنما شتروگن سنہا کو انتخابی جلسے میں دوران تقریر برطانوی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں محمد علی جناح کے کردار کی تعریف کرنا مہنگا پڑ گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی اداکار اور حال ہی میں بی جے پی کو خیر باد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے شتروگن سنہا نے ایک انتخابی جلسے میں انگریزوں سے آزادی کی جدوجہد میں قائد اعظم محمد علی جناح کے کردار کو سراہا۔
شتروگن سنہا نے کانگریس کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے مہاتما گاندھی، ولبھ بھائی پٹیل اور نہرو کے ساتھ محمد علی جناح کا نام بھی لے لیا جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا یہاں تک کہ ماضی کے فلمی ہیرو کو وضاحت پیش کرنا پڑی کہ وہ مولانا آزاد کہنا چاہتے تھے لیکن زبان پھسل جانے کی وجہ سے محمد علی جناح کہہ بیٹھے۔
واضح رہے کہ شتروگن سنہا نے حال ہی میں حکمراں جماعت بی جے پی میں مودی کی آمریت مزاجی سے تنگ آکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ مذکورہ بیان پر ان کی سابقہ پارٹی بی جے پی نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر محاذ بنا لیا۔