ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارہ اور بچن خاندان کی بہو ایشوریہ رائے بچن 40 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔
ایشوریہ رائے 1 نومبر 1973ء کو بھارتی ریاست کرناٹکہ کے شہر بنگلور پیدا ہوئیں، ایشوریا 1994ء میں بھارت کے لیے مس ورلڈ کا عالمی مقابلہ جیت کر شہرت کی بلندیوں پرپہنچیں، انھوں نے 1997 میں مانی رتنم کی تامل فلم Iruvar سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تاہم ایشوریہ کو حقیقی کامیابی فلم”ہم دل دے چکے صنم “سے ملی۔
فلم نے ان کے لیے شہرت کے دروازے کھول دیئے اور ایشوریہ نے تال،جوش، محبتیں، دیوداس، دھوم 2، سرکار، جودھا اکبر سمیت 40 سے زائد تامل، ہندی، بنگالی اور انگلش فلموں میں کام کر کے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
ایشوریا رائے 2007 میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشک بچن کیساتھ شادی کے بندھن میں منسلک ہوئیں اور نومبر 2011 میں ایک بیٹی ارادھیا کی ماں بنیں، 2009ء میں ایشوریا کو بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے نوازا گیا۔