ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی اداکارہ اور فلم پروڈیوسر پوجا بھٹ نے شوہر منیش مکھیجا سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
بھارت کے معروف فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی بیٹی پوجا بھٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کئی روز سے بھارتی میڈیا پر جاری طلاق کی افواہوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شوہر سے علیحدگی باہمی رضامندی سے عمل میں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کیوں کہ میرا تعلق شوبز سے ہے اور اپنی 11 سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنے کے اعلان کا مقصد بھی یہ ہے کہ اس بارے میں میرے مداح جان سکیں کہ ہماری زندگی اب کس موڑ پر ہے تاہم مجھے اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ لوگ اس حوالے سے کیا رائے قائم کرتے ہیں۔
پوجا بھٹ کا مزید کہنا تھا کہ زندگی اپنی مرضی اورخواہش کے مطابق گزارتی ہوں اور کسی کے کہنے سے نہ تو رشتے جڑتے ہیں اورنہ ہی ٹوٹتے ہیں بلکہ زندگی کی گاڑی اپنے حساب سے چلتی رہتی ہے۔