ممبئ (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’راگنی ایم ایم ایس 2‘‘ کے ہدایتکار کی نئی ہارر فلم میں سنی لیون کی جگہ کام کریں گی۔ اداکارہ سنی لیون جو فلم ’’راگنی ایم ایم ایس 2‘‘ میں اپنی اداکاری سے شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں اور ان کی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب جارہی ہے مگر ’’راگنی ایم ایم ایس 2‘‘ کے ہدایتکار بھوشن پٹیل کو متاثر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ’’راگنی ایم ایم ایس 2‘‘ پہلے ہفتے کے دوران باکس آفس پر 36 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے بھی سنی لیون کو بھوشن پٹیل کی نئی ہارر فلم میں جگہ نہیں دلوا سکی۔ ذرائع کے مطابق ہدایتکار نے اپنی نئی ہارر فلم میں مرکزی کردار کے لیے اداکارہ ادیتی راؤ حیدری سے رابطہ کر لیا ہے۔ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بھوشن پٹیل نے کہا ہے کہ میں اپنی نئی فلم میں سنی لیون کی جگہ ادیتی راؤ حیدری کو کاسٹ کرنا چاہتا ہوں اور اس سلسلہ میں ہماری اداکارہ سے بات چیت چل رہی ہے اور جلد ہی ان کے فلم میں کام کرنے کا اعلان کردیا جائے گا۔ دوسری طرف ادیتی راؤ حیدری کا کہنا ہے کہ میرے لیے ہارر فلم میں کام کرنا کوئی مشکل کام نہیں کیونکہ پہلے بھی وشیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی ہارر اور تھرلر فلم ’’مرڈر 3 ‘‘ میں کام کر چکی ہوں جس میں پرفارمنس کو سراہتے ہوئے مجھے بگ اسٹار انٹرٹینمنٹ ایوارڈ برائے تھرلر فلم کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھوشن پٹیل ایک اچھے ہدایتکار ہیں ان کی نئی فلم کا اسکرپٹ بھی پہلی فلموں کی طرح بہت اچھا ہے جہاں تک اس میں کام کرنے کی بات ہے میں نے ابھی تک کام کرنے کے لیے ہاں نہیں کی کیونکہ میں ابھی میں اسکرپٹ کو اچھی طرح دیکھنا اور اپنے کردار کو سمجھنا چاہتی ہوں۔