اداکارہ میرا دبئی منتقل، آبائی گھر بیچ کر فیملی کو بھی بلوا لیا

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ میرا نے دبئی منتقل ہونے کے بعد اپنا آبائی گھر فروخت کر کے فیملی کو بھی بیرون ملک بلوا لیا۔ ایک طرف میرا کی غیراخلاقی وڈیو منظرعام پرآنے کے بعد ان کو دھمکیاں مل رہی تھیں تودوسری جانب گھر پر نامعلوم افراد کی طرف سے کی جانیوالی فائرنگ کے بعد انھوں نے اپنی فیملی کی جان ومال کی حفاظت کے لیے بیرون ملک شفٹ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

اداکارہ میرا نے بتایا کہ پاکستان کے حالات کی وجہ سے میں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ یہاں رہنا میرے اور میری فیملی کے لیے ممکن نہیں رہا کیونکہ مجھے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں اور میرے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی جس کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا۔

میرا نے کہا کہ میں نے ڈیفنس میں اپنا گھر فروخت کر دیا ہے اور فیملی کو سامان سمیت بیرون ملک روانہ کر دیا ہے، میری فیملی کے کچھ ممبران دبئی اور کچھ یوکے میں رہیں گے جب کہ میں دبئی میں رہوں گی جہاں میں نے گھر خرید لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں ان دنوں ضروروی کاموں کے لیے لاہور میں ہوں اور میرا قیام مقامی ہوٹل میں ہے۔ جہاں تک بات اسپتال کے پراجیکٹ کی ہے تو اس پر میری ٹیم معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔ ایک طرف فنڈ ریزنگ جاری ہے تودوسری جانب دیگر کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔