لاہور (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن بیوروکریٹ کے روپ میں پردہ اسکرین پر نظر آئینگی، جس کو سپر ہٹ فلم ’’کہانی‘‘ بنانیوالے سوجے گھوش ڈائریکٹ کرینگے۔ بتایا گیا ہے کہ سوجے گھوش کی ہدایتکاری میں 2012ء میں بنائی جانیوالی فلم ’’کہانی‘‘ نے متعدد ایوارڈ حاصل کیے تھے جب کہ ودیا بالن بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں، اسی وجہ سے سوجے گھوش نے ایک مرتبہ پھر انھیں اپنی فلم میں کاسٹ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم میں اداکارہ کے ساتھ عرفان خان مرکزی کردار کرینگے۔ سوجے گھوش جن کے متعلق یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ’’کہانی ٹو‘‘کے اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں جس کے بارے میں انھوں نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں کہانی پر کام ضرور کر رہا ہوں لیکن یہ 2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل نہیں بلکہ نیا اسکرپٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی نئی فلم بھارتی بیوروکریٹ درگا شکتی ناگپال جسے گوتم بدھ نگر کرپشن اور غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرنے سے شہرت حاصل ہوئی تھی اور اسے اترپردیش حکومت گریٹر نویڈا گائوں میں ایک عبادت گاہ کی دیوار گرائے جانے پر معطل کر دیتی ہے کی زندگی پر مبنی فلم بنا رہا ہوں۔
ودیا بالن فلم میں اسی خاتون بیوروکریٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں، ودیا بھی اس فلم کو لے کر کافی پرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگر رواں برس میں کلکتہ میں شروع کر دی جائے گی۔ دوسری طرف اداکارہ کی سال رواں میں’’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس‘‘ ریلیز ہوئی جس میں ان کے مقابل فرحان اختر نے مرکزی کردار نبھایا۔
ایکتا کپور، شوبھا کپور اور پرتیش نندے کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم باکس آفس پر کوئی دھماکہ نہ کر سکی، یہ فلم 2006ء میں بنائی جانیوالی فلم ’’پیار کے سائیڈ ایفیکٹس‘‘ کا سیکوئل تھا، جس میں راہول بوس اور ملائیکہ شراوت نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اس فلم کے بارے میں اداکارہ ودیا بالن کا کہنا تھا کہ یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم تھی جس میں لومیرج کرنیوالے جوڑے کی مشکلات کو کامیڈی انداز میں دکھایا گیا مگر شائقین کی طرف سے وہ رسپانس نہیں ملا جس کی توقع کر رہی تھی۔