عالمی دباؤ، این جی اوز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ موخر

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی دبائو کے تحت مقامی و بین الاقوامی این جی اوز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ موخر، فنانس بل میں نئی شق کے ذریعے این جی اوز کو ایف بی آر میں اپنی آمدنی و اخراجات کے گوشوارے جمع کرانے اور ذرائع آمدن بتانے کا پابند کیا جائیگا۔ ایف بی آر کے ذمے دار ذرائع کے مطابق یورپی و دیگر مغربی ممالک کی حکومتوں کے شدید دبائو کی وجہ سے حکومت نے پاکستان میں کام کرنے والی مقامی و بین الاقوامی این جی اوز کی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنے کا مجوزہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

تاہم فنانس بل 2014 میں ایک نئی شق شامل کیے جانے کا امکان ہے جس کے تحت پاکستان کے اندر کام کرنے والی تمام مقامی و بین الاقوامی این جی اوز، ٹرسٹ اور فائونڈیشن کو سالانہ ایف بی آر آمدنی و اخراجات کے گوشوارے جمع کرانا لازمی ہو گا جبکہ ذرائع آمدن کے بارے میں بھی بتانا ہو گا۔