کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ نے اپنے 4 Mbps براڈ بینڈ صارفین کے لئے کسی اضافی چارجز کے بغیر اپنے کنکشن کو 8 Mbps براڈ بینڈ کنکشن پر اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کی ہے۔ کمپنی کی جانب سے دی جانے والی یہ آفر نئے اور موجودہ اہل صارفین کو 4 Mbps کی قیمت میں 8 Mbps کی سپیڈ سے برائوزنگ اور بلا تعطل اسٹریمنگ کا موقع فراہم کرتی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، وائر لائن بزنس، آصف انعام نے اس نئی آفر کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ’’ جیسے ڈیٹا کی طلب کئی گنا بڑھ گئی ہے ویسے ہی ہماری قابل بھروسہ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروس آج کل کی تیز رفتار اور مربوط دنیا میں انتہائی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
یہ آفر خصوصی طور پر مرتب کی گئی ہے تاکہ ہمارے صارفین کو بہتر ویلیو فراہم کی جاسکے۔ پروموشن کی مدت 31 جنوری 2015 ء تک ہے۔ پروموشن کی مدت ختم ہونے کے بعد جو صارفین اس سے مستفید ہونا چاہیں گے اُنھیں 30 جون 2015ء تک 2500 روپے کی رعائتی قیمت پر 8 Mbps کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کی سب سے تیز رفتار اور ارزاں براڈ بینڈ سروس، پی ٹی سی ایل کی’’ براڈ بینڈ پاکستان‘‘ ملک بھر کے 2000 سے زائد شہروں اور قصبوں میں انٹر نیٹ کا بے مثل تجربہ، بلا رکاوٹ اسٹریمنگ اور سب سے تیز رفتار ڈائون لوڈنگ فراہم کرتی ہے۔