قصور (محمد عمران سلفی سے) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئوٹ ڈور اور ان ڈور سرویلنس کا ڈیٹا دکھایا گیا جس پر اے ڈی سی نے تمام ٹی ایم اوز کو کباڑ خانوں اور ٹائر شاپس کیخلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی ۔ اینٹا مالوجسٹ نے بتایا کہ منیر شہید کالونی میں سیوریج کا پانی نالوں سے باہر کھڑا رہتا ہے جس پر انہوں متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج کے نالوں کی فوری طور پر صفائی کروائی جائے ۔مزید بتایا گیا کہ مچھلی بچہ چھوڑنے کیلئے ضلع بھر میں 147 جوہڑوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے جس پر انہوں نے اے ڈی فشریز کو ہدایت کی کہ جوہڑوں کے سرویلنس کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ ڈینگی سیزن شروع ہو چکا ہے اور اب ان جوہڑوں میں مچھلی بچہ چھوڑیں تا کہ لاروا نہ بن سکے۔ اینٹا مالوجسٹ نے بتایا کہ ابھی تک ڈینگی کا کوئی مشتبہ اور کنفرم کیس ضلع بھر سے رپورٹ نہ ہوا ہے ۔ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میںڈینگی وارڈز اور کائونٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں اور ان ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج اور تشخیص کی سہولت بھی موجود ہے۔
تحصیل ایمرجنسی ریسپونس کمیٹی کی میٹنگ کے حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ میٹنگ خود لیا کریں تا کہ انکو اپنی تحصیل سے متعلق ڈینگی کے حالات کا علم ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ محکمہ صحت کو جمع کروایا کریں اور آئندہ ہفتے اگر کسی محکمہ نے اپنی رپورٹ جمع نہ کروائی تو اسکے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔