اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف سعید کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے مشکل حالات میں قومی اتفاق رائے پیدا کرکے مدبرانہ قیادت کا ثبوت دیا، قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا، وزیراعظم نواز شریف نے قائد کے پاکستان کو بچاکر ان کی جانشینی کا حق ادا کیا، دہشتگردی کا خاتمہ توانائی سمیت تمام بحرانوں سے قوم کو اسی دور میں نجات ملے گی، پارلیمنٹ سے 21 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اب دہشتگردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی
وزیراعظم خود دہشت گردی کے خلاف جنگ کی قیادت کرکے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، وہ مسلم لیگ (ن) ورکرز آرگنائزیشن، مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کے زیر اہتمام بسلسلہ ولادت قائداعظم محمد علی جناح اور وزیراعظم محمد نواز شریف، پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کا حل کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاکستانی قوم کی یہ خوش قسمتی ہے کہ 25 دسمبر کے دن قائداعظم محمد علی جناح دنیا میں تشریف لائے اور انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو یکجا کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ لائرز ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد جدون، سابق صدر خواجہ محمود، اجمل بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔