ایڈیلیڈ (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور پہلے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا جا رہا ہے، آسٹریلیا کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا تاہم صرف 8 کے مجموعی اسکور پر جوئے برنس 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور لابوشاگنے نے پاکستانی بولرز کے چھکے چھڑا دیے اور انہیں دوسری وکٹ حاصل کرنے نہیں دی، دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں، دن کے اختتام پر ڈیوڈ وارنر 166 اور لابوشاگنے 126 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کی جگہ امام الحق، محمد عباس اور ڈیبیو کرنے والے محمد موسیٰ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وسیم اکرم نے محمد موسیٰ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔