ملحقہ اراضی کے تنازعہ پر ہونے والی اندھا دھند فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق

Firing

Firing

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ دھونکل موڑ پرشیلر سے ملحقہ اراضی کے تنازعہ پر ہونے والی اندھا دھندفائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا ،مقتول تین بچوں کا باپ اور دھونکل میں اپنے ماموں کے ہاں مہمان آیا ہوا تھا۔

صدر پولیس نے دو نامعلوم افراد سمیت سات ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔گکھڑ منڈی کے رہائشی محمد صدیق مہر نے دھونکل موڑ کے قریب مردیکے روڈ پر ایک رائس شیلر خریدا جس سے ملحقہ ایک ایکڑاراضی متنازعہ تھی جس کا منیب احمد ساکن دھونکل نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب محمد صدیق وغیرہ نے متنازعہ اراضی پر تعمیرات کے لئے اینٹیں وغیرہ بھی منگوا رکھی تھیں۔ گذشتہ درمیان شب منیب احمد وغیرہ متنازعہ اراضی کی نگرانی کے سلسلہ میں وہاں گئے تو مخالف پارٹی نے بغیر سوچے سمجھے اندھا دھندفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میںایک نوجوان نوید ولد مراد ساکن صفدر آباد (شیخوپورہ)گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ نوید تین معصوم بچوں کا باپ اور ایک شادی کے سلسلے میں اپنے ماموں کے ہاںدھونکل میں بطور مہمان آیا ہوا تھا۔ان کی گاڑی پر درجنوں گولیاں لگیں اور سکرینیں وغیرہ ٹوٹ گئیں۔

پولیس کو موقع سے گولیوں کے کم و بیش 20خول ملے۔ صدر پولیس وزیرآباد نے محمد صدیق ولد محمد نذیر، اختر ولد محمد نذیر، عدنان، رحمان اور فیصل پسران محمد صدیق اور دو نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ در ج کر لیا ہے۔ تھانہ صدر کے تفتیشی افسر محمد اشرف انسپکٹر وقوعہ کی تفتیش کر رہے ہیں۔