انتظامیہ ناکام، دودھ اور گوشت کی من مانے نرخ پر فروخت جاری

Meat

Meat

کراچی (جیوڈیسک) شہر میں دودھ اور گوشت کی من مانی قیمت پر فروخت جاری ہے، تازہ دودھ 80 سے 84 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے، قصاب گائے، بچھیا اور بکرے کے گوشت کی بھی من مانے نرخ وصول کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انتظامیہ تمام تر دعوؤں کے باوجود تازہ دودھ 70روپے لیٹر کی سرکاری قیمت پر فروخت کرانے میں ناکام ہے، شہر بھر میں تازہ دودھ 80 سے 84 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے، دوسری جانب گائے، بچھیا اور بکرے کے گوشت کی بھی من مانی قیمت وصول کی جارہی ہے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے 28 جون کو جاری نرخنامے میں بکرے کے فی کلو گوشت کی قیمت 550 روپے،گائے کا گوشت (ہڈی والا)فی کلو 280 روپے اور بغیر ہڈی والے گوشت کی فی کلو قیمت 320 روپے مقرر کی گئی تھی،تاہم سرکاری نرخوں کے برعکس شہر میں بکرے کا گوشت 650سے 700 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے گائے کا گوشت بغیر ہڈی والا 380 جبکہ بچھیا کا گوشت 440 روپے سے 460 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

مختلف علاقوں میں قصاب بھینس کے بچوں (کٹے) کا گوشت بکرے کے نام پر فروخت کر رہے ہیں، ایسے قصابوں کی زیادہ تر دکانیں ایمپریس مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ، ناظم آباد گول مارکیٹ، واٹر پمپ اورشہر کے دیگر بڑے بازاروں میں قائم ہیں شہریوں کا کہناہے۔

زائد قیمتیں ادا کرنے کے باوجودوہ معیاری اور صاف ستھرے گوشت سے محروم ہیں، شہر کے وسطی علاقے میں قصابوں کی لاقانونیت عروج پر پہنچ چکی ہے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے مین روڈ پر جہاں ٹریفک چلتا رہتا ہیمویشی ذبح کرکے گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔

گلبہار تھانے کے عبقی گیٹ کے ساتھ ہی کیٹرنگ اور گوشت کی دکان پر بھی یومیہ بنیادوں پر دو سے تین بڑے جانور ذبح کرکے فروخت کیے جا رہے ہیں، برنس روڈ، کورنگی، ملیر میں بھی غیر قانونی طور پر مویشی ذبح کرکے کھلے عام گوشت فروخت ہورہا ہے۔