پی آئی اے کے 4 فضائی میزبانوں پر بھی جعلی ڈگری کی تلوار چل گئی

PIA

PIA

کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے نے جعلی ڈگری والے 4 فضائی میزبانوں کو فارغ کرنے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ نے 4 فضائی میزبانوں کو نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں سی بی اے یونین کے کونسلر بھی شامل ہے۔ ان فلائٹ اسٹوورڈز اور ایرہوسٹسز پر الزام ثابت ہوا ہے کہ انہوں نے جعلی تعلیمی اسناد پر ملازمت حاصل کی۔

سی بی اے کے رہنما اور فلائٹ اسٹورڈ محمد عارف ذوالفقار، فلائٹ اسٹورڈر غلام حیدر اور ایرہوسٹس سمیرا کی سندھ یونیورسٹی جامشورو سے حاصل کردہ ڈگریوں کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی آئی اے کے ریٹائر ہونے والے اسپیشل اسسٹنٹ کرنل محمود کی تعلیمی اسناد مشکوک ہونے پر واجبات کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھرتی ہونے والے فضائی میزبانوں سمیت تمام جنرل منیجرز سمیت 17 ہزار ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل جاری ہے تاہم ان میں منیجنگ ڈائریکٹر سمیت تمام ڈائرکٹرزکی تعلیمی اسناد شامل نہیں۔ ذرائع کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کا میٹرک کا سرٹیفیکیٹ مشکوک ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائرکٹرایچ آر نے ایم ڈی اور تمام ڈائرکٹرز کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب منیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس نے دعویٰ کیا کہ ان کی میٹرک کی سند درست ہ، انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ جمعرات کو ہی تمام ڈائریکٹر زکی تعلیمی اسناد تصدیق کیلئے بھجوادیں گے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایرلائن قوانین کے تحت تعلیمی اسناد میں جعلسازی میں ملوث ملازمین کو فوری ملازمت سے برطرف کر دیا جاتا ہے۔ جعلی تعلیمی اسناد پر اب تک 7 پائلٹوں سمیت 225 ملازمین برطرف ہوچکے ہیں۔