لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ کشمیر میں تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے باوجود شرح خواندگی کا بہتر ہونا خوش آئند ہے، وفاقی اور ریاستی حکومتیں تعلیم کو تختہ مشق بنا رہی ہیں۔تعلیمی اداروں میں تعلیم کی صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولاکوٹ میں پونچھ یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کو نو برس گزر چکے لیکن اس دوران تباہ ہونے والی تعلیمی اداروں کی عمارتیں تاحال تعمیر نہ کی جاسکیں اربوں روپے کی بین الاقوامی امداد کرپشن کی بھینٹ چڑھا دی گئی ، طلبہ اور طالبات کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے شدید گرمیوں اور یخ بستہ سردی میںتعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ ان کی تکالیف کا ازالہ فی الفور کیا جائے۔ واضح رہے کہ ناظم اعلیٰ چار روزہ تنظیمی دورے پر کشمیر میں ہیں جہاں وہ کارکنا ن اور عام طلبہ کی تقاریب سے خطاب کریں گے اس کے علاوہ صحافتی تنظیموں، طلبہ تنظیموں ، وکلاء اور اہم سیاسی و تعلیمی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔