ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کا تمام زونز میں صفائی و ستھرائی کے حوالے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا ہے کہ عوام کو اُن کی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ضلع شرقی کے تمام زونز میں صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری کے حوالے سے انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ افسران عوامی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے مرکزی آفس میں محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سنیئر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالراشد خان ،ڈائریکٹر فنانس بلدیہ کورنگی خان محمد ،شاہ فیصل زون کے ایگزیگٹیو انجینئر اسلم پرویز ،کورنگی زون کے ایگزیگٹیو انجینئر مبین صدیقی ،شاہ فیصل زون کے ایڈمن افسرسلمان حیدر ،سپرٹینڈنٹ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج محمد زاہد سمیت تمام محکموں کے سربراہان موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کورنگی غلام رسول نے کہاکہ افسران تندہی کے ساتھ عوامی خدمات کے حوالے سے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔

اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی قطعی برداشت نہیںکیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا کر تمام علاقوں میں عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے اس موقع پر انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران سے کہاکہ وہ باہمی ٹیم ورک کے ساتھ علاقوں میں سیوریج کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے نظام کو بہتر بنائیں۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے شاہ فیصل زون کے محکمہ جاتی سربراہان سے کہاکہ وہ دفتری اوقات کی پابندی کریں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں اس موقع پر محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنا یا جائے غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کا بھی خاتمہ کیا جائے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے ساتھ عوام کو بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا نا ہماری اولین ترجیح ہے۔