کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہراہ فیصل کو مثالی اور خوبصورت شاہراہ بنا نے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تحت شاہراہ فیصل بیوٹیفکشن مہم کا آغاز کردیا ۔شاہراہ فیصل پر صفائی وستھرائی ،وال چاکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کو مستقل بنیادوں پر بہتر اور شاہراہ کے اطراف میں قائم گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کرکے مستقل بنیادوں پر قائم و دائم رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے فسران کے ہمراہ شاہراہ فیصل پر بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور دیگر موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ شہر اور شہریوں کے بہتر مفاد میں بلدیہ کورنگی شاہراہ فیصل کو نیٹ ،کلین اینڈ گرین بنا نے کے لئے مہم کا آغاز کرچکی ہے عوام اور شاہراہ فیصل کے اطراف کاروباری حضرات سے اپیل ہے کہ وہ شاہراہ فیصل پر صفائی وستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں تاکہ باہمی تعاون سے شہر کی اس اہم شاہراہ کو خوبصورت بنا یا جا سکے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے متعلقہ محکموں کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ شاہراہ فیصل پر دیواروں سے وال چاکنگ اور سروس روڈ پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور وال چاکنگ اور تجاوزات کے قیام کی روک تھام کے لئے مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے ۔اس موقع پر شاہراہ فیصل کی تاجر برادری اور عوام نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔