کراچی (جیوڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ تین ہٹی فلائی اوور ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے تاہم اطراف کی سڑکوں کی تعمیر اور فلائی اوورکے ایکس پنشن جوائنٹس کا کام دو ہفتے کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے تین ہٹی فلائی اوور کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر، متعلقہ انجینئرز اور کنسٹرکشن فرم کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فلائی اوور کے ترقیاتی کاموں میں تاخیر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کوتاہی یا وسائل کی کمی نہیں بلکہ علاقے کے ماحول کے باعث کام کو تیز رفتاری کے باعث انجام نہیں دیا جاسکتا،گنجان آبادی، تنگ سڑکوں اور ہزاروں پانی کے ٹینکروں کی موجودگی میں ترقیاتی کام کو تیزی سے جاری رکھنا مشکل کام ہے۔
انہوں نے کہاکہ ان رکاوٹوں کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محنتی اور تجربہ کار انجینئرز نے فلائی اوور کا کام مکمل کرنے میں انتہائی تندہی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی یہ روایت رہی ہے کہ کبھی بھی ترقیاتی کاموں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بنائے ہوئے تمام ترقیاتی منصوبے معیاری ہیں ،کسی میں بھی کوئی نقص نہیں پایا گیا۔