کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے محکمہ سالڈ ویسٹ کے سنیٹری ورکرز کو عید الاضحی 2015ء کا اعزازیہ فراہم کر دیا، اعزازیہ کی فراہمی پر ملازمین کا جشن ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کو مزدور دوستی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کی نیک نامی اور ادارے کی ترقی کے لئے اپنے فرائض جاں فشانی کے ساتھ انجام دینے کا عزم کیا ہے۔
واضح رہے کہ عید الاضحی 2015ء میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا نے کے عوض ملازمین کو اعزایہ فراہم نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ملازمین سراپا احتجاج تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے ملازمین کے مسائل اور ان کے جائز حق کو سامنے رکھتے ہوئے ملازمین کو اعزازیہ فراہم کر دیا۔
اس موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ کسی بھی ادارے کے اس کے محنتی ملازمین ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ سالڈ ویسٹ کے سنٹری ورکرز بلدیاتی اداروں کا اہم جز ہیں انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ ادارے کی نیک نامی کے لئے اپنے فرائض دیانت داری کے ساتھ احسن طریقے سے انجام دیں ادارے پر بوجھ بننے کے بجائے ادارے کا بازو بنیں۔
اس موقع پر موجود مزدور رہنماء ذوالفقار شاہ نے بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے ملازمین کو عید الاضحی پر خدمات کی انجا م دہی پر اعزازیہ کی فراہمی پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی تقلید کرتے ہوئے تمام ڈی ایم سیز اپنے ملازمین کو ان کی خدمات کا حق ادا کریں۔