کراچی (جیوڈیسک) معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ وہ نئے ڈرامہ سیریل آہستہ آہستہ میں اینگلو انڈین لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں۔ ہمارے ڈراموں میں دیگرممالک کی ثقافت کا شامل ہونا کوئی بری بات نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہدایتکار حسیب حسن کے نئے ڈرامہ سیریل آہستہ آہستہ کے سیٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مذکورہ سیریل کے دیگر فنکاروں میں عدنان صدیقی ، ماوراحسین، جاوید شیخ ،بہروز سبزواری، شہروز سبزواری، صبا حمید، حنا خواجہ بیات اور مہر جعفری شامل ہیں۔
پروڈیوسر مومنہ درید کی اس سیریل کی کہانی عالیہ بخاری نے لکھی ہے ۔ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ ڈرامہ کی کہانی محبت، بھروسے اور مایوسی پر مبنی ہے ۔ ڈرامے کا مرکزی کردار زوار (عدنان صدیقی) امریکہ میں اپنے گھر والوں سے چھپ کر صوفیہ (ثروت گیلانی )کے ساتھ شادی کرلیتا ہے۔
زوار کی ماں بی جان(صبا حمید) خاندان میں زوار کی شادی کرنے کی خواہشمند ہوتی ہیں ۔ کہانی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب بی جان کی طبیعت کی خرابی کی خبر سن کر زوار امریکہ سے واپس لوٹتا ہے۔ بی جان اور زوار کی بہن اس موقع کا فائدہ اُٹھا کر جذباتی دباؤ ڈالتی ہیں اور زوار کو حیا(ماورا حسین )سے شادی کرنے کیلئے رضامند کرنے کی کوششیں شروع کر دیتی ہیں ۔ہدایتکار حسیب حسن نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل کی زیادہ تر عکسبندی یورپ میں کی گئی ہے۔