ملاوٹ شدہ اشیا معاشرہ کا روگ بن گئیں: لیاقت بلوچ

 Liaqat Baloch

Liaqat Baloch

لاہور (جیوڈیسک) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ لاہور میں خون کی تشخیص اور عطیہ کرنے کی ترغیب کے لیے شباب ملی کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
غیر معیاری اشیائے خورونوش اور ملاوٹ شدہ اشیا معاشرہ کا روگ بن گئی ہیں۔ جمعہ اور اتوار بازاروں میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیا بیچنے والے عملاً بیماریاں فروخت کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شباب ملی کے زیر اہتمام بلڈ کیمپ کے دورہ کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور اسحق ڈار کا بجٹ غریبوں سے جینے کا حق چھین لینا چاہتا ہے۔ مزید برآں لیاقت بلوچ، حافظ سلمان بٹ، شیخ محمد انور اور چوہدری محمود الاحد نے لاہور، نارووال سیکشن پر فیض احمد فیض ٹرین کی بحالی پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ریلوے افسروں کا شکریہ ادا کیا۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 11 جون کو منصورہ میں استحکام معیشت، آئی ایم ایف سے نجات، مہنگائی کے خاتمے اور توانائی بحران کے حل کے موضوع پر پوسٹ بجٹ سیمینار ہو گا جس سے ڈاکٹر سلمان شاہ، سرفراز احمد خان، غلام عباس جلوی، اکمل جاوید، سمیع اﷲ بٹ، ڈاکٹر میاں محمد اکرم اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اظہار خیال کریں گے۔