اسکردو (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کی سربراہی میں کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والی ٹیم کی واپسی میں تاخیر کے باعث سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی سدپارہ اور ٹیم کو کے ٹو کی انتہائی بلندی سے رات 2 بجے تک کیمپ پہنچنا تھا۔
ذرائع کے مطابق علی سدپارہ اور ٹیم سے مواصلاتی رابطہ کل سے منقطع ہے، ٹیم مقررہ وقت سے کئی گھنٹے بعد بھی کیمپ تھری واپس نہیں پہنچ سکی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کوہ پیماؤں کی واپسی میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے باعث دو آرمی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک غیر ملکی کوہ پیما واپسی پر رسی ٹوٹنے کے باعث گر کر ہلاک بھی ہو گیا تھا۔