اسلام آباد (جیوڈیسک) ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ بری فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خاتمے کا کام کر رہی ہے، فضائی حملوں میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ اور اسلحہ ڈپو کو نیست و نابود کر دیا گیا ہے۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان مناوا ایر شو میں شرکت کے لئیے بحرین گئے ہوئے ہیں۔ مناوا ایئر شو بحرین کے سمپوزیم سے خطاب کے دوران سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی بری فوج کے ساتھ مشقوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے اور اصلاح ڈپو تباہ کیے گئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو سہولتیں دینے اور مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کیے ہیں۔ پاک فضائیہ ان علاقوں میں نوجوانوں کو تعلیم دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، اس عمل سے علاقے کے نوجوانوں کا ذہن بدلنے میں مدد ملے گی، دہشت گردی کے خلاف 2014 سے جاری آپریشن کو سیاسی قیادت اور عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے درمیاں تنازع کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تنازع پرامن ذریعے سے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
فضائیہ کے بغیر جنگیں نہ تو لڑی اور نہ ہی جیتی جا سکتی ہیں، ایئر چیف مارشل سہیل امان بحرین ایئر شو کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔