صرف ہوائی فائرنگ کی ، کسی کو نشانہ بنانا مقصد نہیں تھا :مصطفی کانجو

Mustafa Kanju

Mustafa Kanju

لاہور (جیوڈیسک) زین قتل کیس کے مرکزی مبینہ ملزم مصطفی کانجو نے تفتیشی افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ۔ مصطفی کانجو کا کہنا ہے کہ اس نے ہوائی فائرنگ کی ہے کسی کو نشانہ نہیں بنایا۔

لاہور کے علاقے کیولری گرائونڈ میں دو گاڑیوں کے تصادم کے بعد مشتعل ہو کر فائرنگ کرنے والا مبینہ مرکزی ملزم مصطفی کانجو دس روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہے ۔ ملزم مصطفٰی کانجو نے تفتیشی افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جس میں صرف فائرنگ کا اعتراف کیا ہے۔

بیان میں مصطفی کانجو کا کہنا ہے کہ اس نے ہوائی فائرنگ کی کسی راہ گیر کو نشانہ نہیں بنایا جب کہ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزم نے نشے کی حالت میں فائرنگ کی اور کلاشنکوف پر بھی ملزم کے فنگر پرنٹس ملے ہیں دوسری جانب ایس ایس پی انوسٹی گیشن ایاز سلیم کا اس حوالے سے کہا ہے کہ مصطفی کانجو سے تفتیش جاری ہے۔

مصطفی کانجو نے ابھی تک قتل کا اعتراف نہیں کیا تاہم فرانزک رپورٹ اور پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفتیش میں پیش رفت متوقع ہے جب کہ وہ خود بھی ملزم سے کل ذاتی طور پر تفتیش کریں گے ۔