کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان کاکہناہے کہ آفاق احمد اور فاروق ستار سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں۔
عامر خان نے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں نئی صف بندی نہیں بلکہ معمول کی ملاقاتیں ہیں، اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتوں کو نیا رنگ نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں پیپلزپارٹی سمیت ن لیگ یا پی ٹی آئی سے اتحاد کرسکتے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کا بلدیاتی بل کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ تحریک عدم اعتماد کیلئے ابھی تک ہم سے کسی نے بات نہیں کی، رہنما ایم کیو ایم عامر خان
عامر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آفاق احمد اور فاروق ستار سمیت سب کےلیے دروازے کھلے ہیں لیکن جو بھی پاکستان کے خلاف بات کرے گا، اس سے اعلان کرکے لا تعلقی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلطیاں ہوئیں لیکن آج کی ایم کیو ایم عدم تشدد کی راہ پر چلنے کی کوشش کررہی ہے جب کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کسی وزارت کےلیے نہیں تھا، بات ہوئی تو ہم نے امین بھائی کا نام دیا، فروغ نسیم کو عمران خان نے خود وزارت دی ،وہ اب بھی ایم کیوایم کے کارکن ہیں۔
ایم کیو ایم کاکہنا تھاکہ سندھ میں شہری اور دیہاتی کوٹہ کا مسئلہ ہے، کراچی کی بحالی ، کے فور اور پینے کے پانی سمیت ہر مسئلے پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔