نیویارک (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں زیر غور ہیں، دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ دنیا اس وقت بحرانوں کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان اپنا موقف موثر طور پر پیش کرے گا۔ حکومت مستحکم اور پائیدار خارجہ پالیسی تشکیل دینے کیلئے پر عزم ہے۔ مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت مستحکم اور پائیدار خارجہ پالیسی تشکیل دینے کیلئے پرعزم ہے۔ خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں لانے پر غور ہو رہا ہے۔
نیویارک میں ذرائع سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کیلئے اپنا موقف پیش کرنے کا یہ ایک اہم موقع ہے۔ دنیا اس وقت کرائسز میں پھنسی ہوئی ہے۔ اس لئے پاکستان کے پاس بھی ایک اہم موقع ہے کہ وہ ان محرکات اور واقعات کو پوری طرح سمجھے اور دنیا بھی ہمارے موقف کو سنے اور اس کا احاطہ کرے۔ نئی حکومت میں خارجہ پالیسی میں تبدیلیاں لانے کیلئے سنجیدگی سے غور ہو رہا ہے۔
پاکستان بین الاقوامی دنیا کے خدشات کو دور کرسکتا ہے اور جس نیک نیتی اور خلوص دل سے پالیسیاں تشکیل دے رہا ہے اس کی وضاحت بھی کر سکتا ہے۔ جنرل اسمبلی کا اجلاس ہماری پالیسیاں واضح کرنے کا اہم اور مناسب پلیٹ فارم ہے اور وزیر اعظم نواز شریف اہم معاملات پر اپنا موقف واضح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ اس وقت اہم مسئلہ افغانستان اور دہشت گردی کا ہے۔ دہشت گردی کے اندرونی اور بیرونی پہلوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔