کابل (جیوڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ حملے میں 5 شہری زخمی ہوگئے۔
کابل محکمہ پولیس کے ترجمان بصیر مجاہد کا کہنا ہے کہ داغے گئے راکٹوں میں سے ایک ہوائی اڈے کے جوار میں واقع ایک مکان پر جا لگا جس سے مکین زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ہوائی اڈے پر مامور ایک شخص نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس حملے کے بعد ہوائی اڈے سے تمام تر پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
حملے کی ذمہ داری اپنے سر لینے والے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ ہمارا ہدف امریکی وزیر دفاع جیمز ماتھیس کا طیارہ تھا۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر ماتھیس اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل ینز اسٹولٹن برگ اس حملے سے چند گھنٹےح پیشتر کابل پہنچے تھے۔