اسلام آباد (جیوڈیسک) افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی کی سربراہی میں وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے جس میں طورخم کشیدگی اور بارڈر منیجمنٹ کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی کی سربراہی میں 6 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں فریقین نے سرحد کے آر پار غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے طریقہ کار اور طور خم سرحد پر حالیہ کشیدگی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس سے قبل افغان وفد نے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے آغاز میں اعزاز احمد چوہدری نے آج صبح کابل میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ افغان وفد مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا ہے تاکہ سرحد پر موجود کشیدگی کو ختم کرنے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔