کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں الیکشن کمیشن نے ایک مہینہ قبل ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان میں ایک دن کی تاخیر کر دی ہے۔ گزشتہ مہینے جاری ہونے والے ابتدائی نتائج کے مطابق، کسی امیدوار کو مکمل اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔
حتمی نتائج میں بھی اگر کوئی واضح برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا تو ایسے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو ٹاپ امیدواروں سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اور عالمی بینک کے سابق ماہر اقتصادیات اشرف غنی کے درمیان مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔
ووٹوں کی ابتدائی گنتی کے مطابق عبداللہ عبدللہ 44.6 فیصد کے ساتھ پہلے جبکہ غنی 31.5 فیصد کے ساتھ اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نور نے بدھ کو بتایا کہ حتمی نتائج کا اعلان کل صبح گیارہ بجے کیا جائے گا۔
ووٹنگ کے دوسرے دور کے لیے ابھی تک تاریخ طے نہیں ہوئی۔نتائج کے اعلان میں ایک دن کی تاخیر کا سبب الیکشن سے متعلق شکایتیں موصول اور حل کرنے والے کمیشن کی جانب سے مقررہ وقت پر حتمی رپورٹ جمع نہ کرانا ہے۔ کمیشن کا کہنا پانچ اپریل کو پولنگ کے بعد سے بہت بڑی تعداد میں شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔