کابل (جیوڈیسک) افغان الیکشن کمیشن نے پانچ اپریل کو منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان ملتوی کر دیا ہے۔ افغان حکام کے مطابق ایسا ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کے غرض سے کیا گیا ہے۔ بدھ کو ہونے والے اس اعلان سے نئے صدر سے متعلق الجھن پیدا ہوگئی ہے جو دو مدتوں کے لیے صدر رہ چکے حامد کرزئی کی جگہ لیں گے۔ نتائج کا اعلان جعرات کو متوقع تھا تاہم خودمختار الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر ضیا الحق امرخیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے فراڈ سے بچنے کے لیے نتائج کے اعلان کو کم از کم ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
بعد میں ان نتائج کی جانچ پڑتال ایک دوسرا کمیشن کرے گا اور حتمی نتائج کا اعلان 14 مئی کو کیا جائے گا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کو سبقت حاصل ہے جبکہ اشرف غنی احمد زئی دوسری پوزیشن پر ہیں۔