افغان فورسز کا پاکستانی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں طالبان کے خلاف آپریشن،21 دہشت گرد ہلاک

Afghan Forces

Afghan Forces

کابل (جیوڈیسک) افغان سیکیورٹی فورسز کے پاکستانی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں طالبان کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجے میں 21 دہشت گرد ہلاک جب کہ 33 زخمی ہوگئے۔

افغان سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ صوبہ کنڑ کے ضلع دنگام میں طالبان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے، آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کی سرحد پار ممکنہ کارروائیوں کو روکنا ہے جب کہ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ نے بھی اس علاقے میں پناہ لی ہوئی ہے۔

افغان حکام کے مطابق آپریشن میں اب تک 21 دہشت گرد ہلاک اور 33 زخمی ہوچکے ہیں جب کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں 7 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے پشاور کے آرمی اسکول پر حملہ کرکے 132 بچوں سمیت 144 افراد کو شہید کردیا تھا جس کے تانے بانے افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ سے ملتے تھے جس کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورڈی جی آئی آیس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے اپنے ہنگامی دورہ کابل میں افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کرکے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا تھا۔