افغان و خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی پر اعتماد میں لیا جائے، رضا ربانی

Raza Rabbani

Raza Rabbani

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینٹ میں اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت افغانستان سمیت خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق امور پر ایوان کو اعتماد میں لے۔ مزدورں کی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی اور مقامی حکومت کی مدت مکمل ہونے کے 45 روز کے اندر انتخابات کرانے سے متعلق نجی بل ایوان میں پیش کر دیے گئے۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت ہوا۔ سینٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت اپنی خارجہ پالیسی، افغان پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے خدوخال سے ایوان کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے ایک نجی آئینی ترمیمی بل بھی پیش کیا، جس مین تجویز کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں مزدوروں کی 4 اور صوبائی اسمبلیوں میں دو، دو نشستیں مختص کی جائیں۔ محسن خان لغاری نے نجی آئینی ترمیمی بل پیش کیا کہ مقامی حکومت کی معیاد مکمل ہونے کے 45 دن کے اندر نئے انتخابات کرائے جائیں۔ سینیٹ نے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور سزا دینے کی ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔