کابل (جیوڈیسک) نو منتخب افغان حکومت نے امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق نیٹو افواج 2016 تک افغانستان میں قیام کریں گے۔
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی کی جانب سے امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے سے مسلسل انکار کیا جارہا تھا جب کہ آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے نومنتخب صدر اشرف غنی نے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کر دیا، نومنتخب صدر کے مشیر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاہدے پر افغان صدر کے بجائے سینئر وزیر کل دستخط کریں گے جبکہ اشرف غنی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے مطابق 2016 کے اختتام تک نیٹو ممالک کے متعدد فوجی افغانستان میں قیام کریں گے۔