اسلام آباد (جیوڈیسک) افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر رنگین دارفر سپانتا اپنے دورۂ پاکستان کے سلسلے میں آج جمعرات کے روز اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ڈاکٹر رنگین اپنے دورے کے روز وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ملاقات میں دوطرفہ سیکیورٹی تعلقات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر رنگین افغان حکومت کے ایک بہت اہم رکن سمجھے جاتے ہیں اور وہ اس سے قبل ملک کے وزیرِ خارجہ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس دوران ڈاکٹر رنگین وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ افغان قومی سلامتی کے مشیر ایسے حالات میں پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جب فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف ایک بھرپور اور مؤثر آپریشن جاری ہے۔
آپریشن ضربِ عضب کراچی ائیرپورٹ پر آٹھ جون کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے ایک ہفتے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں اب تک متعدد مقامی اور غیر ملکی مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوجی آپریشن کے دوران پاکستان پہلے ہی افغانستان سے حمایت کی درخواست کرچکا ہے۔
اسی دوران افغان صدر حامد کرزئی نے بھی وزیراعظم نواز شریف کو جمعرات کے روز فون کرکے دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بھی اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اس بات کی تصدیق کی تھی کہ افغان حکومت نے آپریشن ‘ضربِ عضب’ میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔