اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ ایک پُرامن، مستحکم اور متحد افغانستان ہی اس کے مفاد میں ہے۔
اگر افغان حکام کے پاس پاکستان پر سرحد پار گولہ باری کے حوالے سے الزامات کا کوئی ثبوت ہے تو پیش کیا جائے، دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے یہ بات افغان سفیر جانان موسیٰ سے ملاقات کے دوران کہی، انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دوستانہ اور اچھی ہمسائیگی پر مبنی تعلقات کے اپنے عزم پر قائم ہے، ہم اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
دونوں ممالک کو چاہیے کہ پاک افغان سیکیورٹی تعاون اور سرحد پر بہتر سیکیورٹی انتظامات کیلیے دوطرفہ میکنزم استعمال میں لائیں۔ واضح رہے کہ افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغان علاقے میں مسلسل گولہ باری کی جا رہی ہے۔