لاہور (جیوڈیسک) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
افغان صدر نے وزیراعظم نواز شریف سے سانحہ لاہور پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا دہشت گردی پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ افغانستان بھی دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ دہشت گردی کا مل کر خاتمہ کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اس لیے آسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز امن دشمنوں کی جانب سے لاہور کے گلشن اقبال پارک کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے۔