افغان صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کو واضح اکثریت نہ ملنے پر 14 جون سے دوسرا مرحلہ شروع ہو گا

Abdullah Abdullah

Abdullah Abdullah

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کسی امیدوار کے واضح اکثریت سے کامیاب نہ ہونے کے باعث صدارتی انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

افغانستان کے چیف الیکشن کیشنر احمد یوسف نورستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث 14 جون سے انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا جس میں پہلے مرحلے میں زیادہ ووٹ لینے والے پہلے 2 امیدواروں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

واضح رہے کہ افغان صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ نے 45 فیصد ووٹ جب کہ سابق وزیر خزانہ اشرف غنی احمد زئی 31.6 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے۔

انتخابات میں تیسری پوزیشن لینے والے سابق وزیر خارجہ زلمے رسول پہلے ہی عبداللہ عبداللہ کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں جس سے عبداللہ عبداللہ کے صدارتی انتخابات جیتنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔