کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں واقع بھارتی کونسل خانے پر جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی جب کہ 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے ہرات کے پولیس چیف عبدل السمیع قترا کا کہنا ہے کہ جدید ہتھاروں سے لیس 3 حلہ آوروں نے بھارتی سفارت خانے پر قریبی واقع گھر سے فائرنگ کی اور مارٹر گولے فائر کئے جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی جب کہ جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور مارے گئے۔
دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کونسل خانے میں تعینات سیکیورٹی کا عملہ افغان پولیس کے جائے واردات پر پہنچنے سے قبل ہی حملے کی کوشش ناکام بنا چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں بھارتی کونسل خانے کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم افغانستان میں بھارتی سفارتی عملے کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال بھارتی کونسل خانے پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اگست 2013 میں جلال آباد میں بھی بھارتی سفارت خانے کے قریب دھماکے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 2008 اور 2009 میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھارتی سفارت خانے پر حملوں میں 75 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔