کابل (جیوڈیسک) افغان صوبے پکتیا کے شہر گردیز کی ایک مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہو گئے۔
صوبائی پولیس چیف راز محمد مندوزئی کے مطابق گردیز کے علاقے خواجہ حسن کی صاحب الزمان مسجد میں دھماکا اُس وقت ہوا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔
پولیس چیف نے خود کش دھماکے میں 25 افراد کی ہلاکت اور 33 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق 2 خودکش بمبار سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
صوبائی پولیس چیف کے مطابق خودکش بمباروں نے حملے میں ہینڈ گرینیڈ بھی استعمال کیے جب کہ افغان نیوز ویب سائٹ طلوع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 30 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں تاہم افغان حکام نے اب تک اس دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری جانب خودکش حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی جب کہ افغان طالبان نے حملے میں ملوث ہونے تردید کی ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے قوم کے اتحاد پر کوئی اثر نہیں ڈالیں گے۔