افغان صوبے پکتیا میں خودکش حملے میں 89 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی

Afghan

Afghan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبے پکتیا میں خود کش کار بم حملے میں 89 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بازار میں لاکر دھماکے سے اڑا دی جس کے نتیجے میں 89 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ چند عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ ضلعی گورنر محمد رضا خروٹی کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔

دوسری جانب ڈپٹی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملے میں استعمال کی گئی گاڑی کے ٹکڑے اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

اس سے قبل کابل میں سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے صدر حامد کرزئی کے میڈیا آفس کے 2 ملازمین ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔