افغان سیکیورٹی فورسز کی صوبہ فرح میں کارروائی، 29 طالبان ہلاک

Security Forces

Security Forces

کابل (جیوڈیسک) افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ فرح میں کارروائی کے دوران 29 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا جبکہ افغان انٹیلی جنس نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد گروپوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اتوار کو افغان صوبائی پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل محمد یعقوب کا کہناہے کہ صوبہ فرح میں افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی کا آغازہفتے کو ہوا جس میں طالبان عسکریت پسندوں نے ضلع بالابلوک میں مقامی افغان پولیس کی چوکیوں پر دھاوابول دیا۔

تاہم حملے کو کامیابی سے ناکام بنادیا گیا ہے۔ دوسری جانب افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے دعویٰ کیا کہ صوبہ کابل ، فریاب، ننگرہار، نمروز اور لوگر میں کارروائیوں کے دوران دہشت گرد گروپ پکڑے گئے۔

این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں نادعلی ضلع میں طالبان کا فرضی گورنر بھی شامل ہے یہ افراد افغانستان سے باہر فوجی تربیت مکمل کرنے کے بعد ملک میں پہنچے تھے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ فریاب صوبے سے6دیگر باغیوں کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔

اوران کے قبضے سے ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔این ڈی ایس نے کابل لوگر ہائی وے پر افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کونشانہ بنانے کے لیے بارودی سرنگیں نصب کرنے والے دہشت گرد عاقل خان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔