اسلا آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے افغان سموں کے غیر قانونی استعمال کو روکنے سے متعلق درخواست پر چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے دو ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے افغان سموں کے غیر قانونی استعمال کو روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
ایک شہری صائم الحق نے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ افغان سموں کو دہشتگردی ، اغواء برائے تاون سمیت مختلف جرائم کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ افغان سموں کے غیر قانونی استعمال کو فوری طور پر روکا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔