کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغان طالبان نے کابل میں اسکول کے قریب ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے اور بھاری نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مذموم حرکتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو کابل انتظامیہ کی مدد سے داعش کے نام پر کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں متعدد طلبا سمیت 40 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے اسکول کو نشانہ بنانےکی کوشش کی جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے اور درجنوں زخمی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے اکثر اسکول کی طالبات ہیں جو کہ قریبی اسکول میں پڑھتی تھیں ۔
خیال رہےکہ یہ دھماکے ایسے وقت ہوئے ہیں جب افغانستان سے امریکی افواج طویل جنگ کے بعد واپس روانہ ہو رہی ہیں۔