واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال انہوں نے شدت پسند تنظیم داعش کے خاتمے کا عزم کیا تھا اور عراق اور شام میں تقریباً 100 فیصد علاقوں سے داعش کا صفایا کردیا گیا ہے۔
اپنے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ داعش کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ کانگریس اس بات کو یقینی بنائے کہ داعش اور القاعدہ کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کو گرفتار کرسکیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا، ‘ابوبکر بغدادی سمیت کئی دہشت گرد ایسے تھے جنھیں ہم نے پکڑا اور پھر رہائی دی اور ایسے دہشت گردوں کا پھر میدان جنگ میں سامنا کرنا پڑا’۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کھلی سرحدوں کے سبب ہمارے کم آمدنی والے طبقےکو نقصان ہوا، کھلی سرحدوں کا مطلب ملک میں منشیات اور گینگز کی آمد ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نئی قانون سازی کے ذریعے امیگریشن قوانین کو درست کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کانگریس کو چاہیے کہ امیگریشن نظام میں وہ خامیاں دور کریں جن سےکرمنل گینگ ملک میں آتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا خطاب شروع کرنے سے پہلے امریکی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔
امریکی صدر نے عام امریکیوں کی تعریف کی اور ویلڈرز، امدادی کارکنوں اور فائربریگیڈ کے عملے کی کوششوں کو سراہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب سے پہلے اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی اور ڈالر کی قیمت گر گئی۔